لاہور میں چور نے فیملی کی آڑ میں امام بارگاہ کے غلے کا صفایا کردیا

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور کے علاقے سمن آباد میں چوری کی ایک انوکھی واردات سامنے آئی ہے، جہاں مبینہ طور پر فیملی کی آڑ میں آنے والے چور امام بارگاہ کے باہر نصب غلے کا تالا توڑ کر نقدی لے گئے۔
ذرائع کے مطابق واردات رات کی تاریکی میں پیش آئی، جہاں ملزمان نے امام بارگاہ کے باہر نصب عطیات کے غلے کا تالا توڑا اور اس میں موجود نقد رقم چرا کر فرار ہوگئے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں مبینہ ملزمان کی نقل و حرکت دیکھی جا سکتی ہے۔ فوٹیج قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی فراہم کر دی گئی ہے تاکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔



