مرکزی جماعت اہلسنت ضلع بدین کا نجی ٹی وی کیخلاف احتجاج

بدين(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)مرکزی جماعت اہلسنت ضلع بدین کی جانب سے جیونیوزپرگستاخانہ مواد نشر کرنے کے خلاف امیر مرکزی جماعت اہلسنت ضلع بدین مفتی احمد صادق نعیمی بغدادی، ریحان فرید شیخ، قاری حسین بلالی، حافظ عبد الغفار کھوسو، علامہ محمد ھارون نعیمی، مفتی دائود جت نعیمی، غلام نبی میمن، محمد امین نورانی، مولانا عبد الواجد سموں، علامہ فقیر حبیب اللہ نعیمی، و دیگر کی قیادت میں جامع نورانی مسجد بدین سے بلاول پارک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی جماعت اہلِ سنت ضلع بدین، جیو نیوز کے پروگرام "سفرِ عشق” اور اے آر وائی کی بعض نشریات میں مبینہ طور پر نشر کیے گئے قابلِ اعتراض مواد پر اپنی شدید تشویش، اضطراب اور بھرپور احتجاج کا اظہار کرتی ہے ناموسِ رسالت ﷺ، حرمتِ اہلِ بیتِ اطہارؓ، ناموسِ صحابۂ کرامؓ اور تمام مقدساتِ اسلام ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو اور امتِ مسلمہ کے لیے سرخ لکیر کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان مقدس شخصیات اور اسلامی شعائر کے بارے میں کسی بھی قسم کی غیر محتاط، نامناسب، متنازع یا توہین آمیز پیشکش نہ صرف مسلمانوں کے دینی جذبات کو شدید مجروح کرتی ہے بلکہ امت کے اندر اضطراب اور بے چینی کا سبب بھی بنتی ہے مرکزی جماعت اہلِ سنت ضلع بدین واضح کرتی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل ذرائع اور مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال دینی، شرعی اور اخلاقی حدود و قیود کے مکمل احترام کے ساتھ ہونا چاہیے۔ کوئی بھی ایسا عمل، مواد یا طرزِ پیشکش جو ناموسِ رسالت ﷺ، حرمتِ اہلِ بیتِ اطہارؓ یا ناموسِ صحابۂ کرامؓ کی بے حرمتی، تحقیر یا گستاخی کا موجب بنے، امتِ مسلمہ کے نزدیک ناقابلِ قبول ہے اور ایسا اقدام توہینِ رسالت کے زمرے میں شمار ہوگا ہم متعلقہ اداروں، میڈیا ہاؤسز اور ذمہ دار حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے، حقائق کو عوام کے سامنے لایا جائے، ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات، اسلامی اقدار اور مقدسات کے احترام کو ہر حال میں یقینی بنایا جا سکے



