خلیجی ممالک کا روس سے ایران پر اثرورسوخ استعمال کرنے کا مطالبہ، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر واپسی پر زور

منامہ(ویب ڈیسک) خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ اپنے روابط اور اثرورسوخ کو استعمال کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور خلیجی ممالک کی خودمختاری کے احترام کو یقینی بنانے میں کردار ادا کرے۔

بحرین کے دارالحکومت منامہ میں خلیجی ممالک کے اجلاس میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی شرکت کی۔ مذاکرات کے دوران خلیجی ممالک نے ایران کی جانب سے خطے کے ممالک کی خودمختاری کے احترام کو یقینی بنانے پر زور دیا، جبکہ علاقائی سلامتی اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں روس کی جانب سے خلیجی خطے میں مشترکہ سکیورٹی ڈھانچہ قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی، جس کا مقصد خطے میں استحکام کو فروغ دینا اور ممکنہ تنازعات کی روک تھام کے لیے مشترکہ تعاون کو وسعت دینا ہے۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے خطے کو وسیع جنگ سے بچانے کی حمایت کرتے ہوئے ایران اور امریکا پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر واپس آئیں اور مذاکرات کے ذریعے اختلافات حل کرنے کی کوشش کریں۔

لاوروف نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے بحران کی بنیادی وجوہات کا حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے آبنائے ہرمز اور اس کے گردونواح میں کشیدگی ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تنازع کی اصل وجوہات کو دور کرنا ضروری ہے۔

اجلاس میں ہونے والی بات چیت کو خلیجی خطے میں سلامتی کے خدشات کم کرنے، ایران کے ساتھ روابط بہتر بنانے اور وسیع تر علاقائی تصادم سے بچنے کی سفارتی کوششوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button