گڈانی شپ ری سائیکلنگ کی جدید کاری کا بڑا منصوبہ، 12 ارب روپے سے کام شروع

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) گڈانی شپ بریکنگ انڈسٹری کو جدید اور ماحول دوست شپ ری سائیکلنگ مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے 12 ارب روپے کے منصوبے پر عملی کام شروع کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت گڈانی شپ بریکنگ اینڈ ری سائیکلنگ انڈسٹری کی جدید کاری، اپ گریڈیشن اور متعلقہ سہولیات کی ترقی سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گڈانی شپ ری سائیکلنگ کو ہانگ کانگ انٹرنیشنل کنونشن کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ اسے محفوظ، جدید اور ماحول دوست شپ ری سائیکلنگ مرکز بنایا جا سکے۔

منصوبے کے تحت 30 بستروں پر مشتمل اسپتال، اسکول، مزدور کالونی اور سولر انرجی سہولیات کی تعمیر شروع ہو چکی ہے، جبکہ طبی عملے کے لیے رہائش، پبلک پارک اور تقریباً 32 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے۔

گڈانی میں صنعتی اور خطرناک فضلے کے ذخیرہ و تلفی کی سہولیات، فائر اینڈ ریسکیو سروسز اور پانی کی فراہمی و ٹریٹمنٹ کا نظام بھی قائم کیا جائے گا۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ جدید کاری کے عمل میں مزدوروں کی صحت، حفاظت اور فلاح کو مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔ گڈانی کی اپ گریڈیشن سے سرکلر اکانومی، روزگار اور صنعتی سپلائی چین کو فروغ ملے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گڈانی میں معاشی سرگرمی، مزدوروں کا تحفظ اور ماحولیاتی پائیداری ساتھ ساتھ آگے بڑھائی جائے گی۔ حکومت نے مالی سال 2026-27 کے وفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت منصوبے کے لیے 78 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button