امریکی مسجد حملے میں شہید محافظ کیلئے چند گھنٹے میں14لاکھ ڈالر جمع

سان ڈیاگو(جانوڈاٹ پی کے)امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں واقع اسلامک سینٹر پر ہونے والے مہلک حملے میں جان کا نذرانہ دیکر نمازیوں کی جان بچانے والے سیکیورٹی گارڈ امین عبد اللہ کو ہیرو قرار دیا جا رہا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 52 سالہ امین عبداللہ مسجد کے داخلی حصے پر سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے جب دو نوجوان حملہ آوروں نے فائرنگ شروع کردی۔پولیس اور عینی شاہدین نے بتایا کہ امین عبد اللہ نے نہ صرف حملہ آوروں کو روکنے کی کوشش کی بلکہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر نمازیوں اور اسکول کے بچوں کو بروقت خبردار کیا جس سے درجنوں جانیں بچ گئیں۔مسجد انتظامیہ اور شہریوں کی جانب سے شہید امین عبداللہ کے اہلِ خانہ کے لیے شروع کی گئی فنڈ ریزنگ مہم میں چند گھنٹوں میں ہی تقریباً 14 لاکھ ڈالر جمع ہوگئے۔فنڈ ریزنگ صفحے پر لکھا تھا کہ امین عبد اللہ صرف ایک گارڈ نہیں تھے بلکہ مسجد میں آنے والے ہر شخص کے لیے وہ پہلی مسکراتی ہوئی شخصیت تھے اور خطرے کے وقت آخری دفاعی دیوار بھی ثابت ہوئے۔فنڈ ریزنگ کی یہ مہم اسلامی کراؤڈ فنڈنگ پلیٹ فارم پر اب بھی جاری ہے جسے دنیا کا بڑا مسلم فنڈ ریزنگ پلیٹ فارم قرار دیا جاتا ہے۔امین عبد اللہ 8 بچوں کے والد تھے۔ان کے قریبی دوست نے سی این این کو بتایا کہ امین عبد اللہ جب بھی ملتے، چہرے پر مسکراہٹ ہوتی۔ ہر کسی کو مثبت توانائی دیتے تھے۔ ان کا ایمان بہت مضبوط تھا اور وہ ہمیشہ لوگوں کے ساتھ نرمی اور محبت سے پیش آتے تھے۔

مزید خبریں

Back to top button