بھارت میں پیٹرول بحران شدت اختیار کرگیا،سینکڑوں پمپ مکمل طور پر بند،شہریوں کا حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ

حیدرآباد(جانوڈاٹ پی کے)بھارت میں ایندھن کی شدید قلت نے لوگوں کو سخت پریشانی کن صورتحال سے دوچار کردیا گیس کے بعد پیٹرول و ڈیزل کی عدم دستیابی سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی مختلف ریاستوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت نے سنگین صورت اختیار کرلی ہے، جس کے باعث شہری زندگی اور زرعی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔

متعدد پیٹرول پمپوں پر ایندھن ختم ہونے کے بعد ’نو اسٹاک‘ کے بورڈ لگا دیے گئے ہیں، جبکہ کئی مقامات پر پمپ مکمل طور پر بند ہوچکے ہیں۔

جہاں کہیں محدود مقدار میں ایندھن دستیاب ہے، وہاں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی طویل قطاریں دیکھی جا رہی ہیں، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شہریوں کو گھنٹوں انتظار کے باوجود مکمل ایندھن نہیں مل پا رہا، جبکہ بعض پمپوں پر صرف محدود مقدار میں پیٹرول اور ڈیزل فراہم کیا جا رہا ہے۔

ایندھن کی قلت کے باعث ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر ہو رہا ہے اور کسانوں کو بھی مشکلات درپیش ہیں، جس سے زرعی سرگرمیاں سست روی کا شکار ہو گئی ہیں۔ کئی علاقوں میں ڈیزل کی عدم دستیابی نے کھیتی باڑی کے عمل کو تقریباً مفلوج کر دیا ہے۔

موجودہ صورتحال کے سبب عوام میں غم و غصہ بڑھتا جا رہا ہے، جبکہ ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز نے حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب مسلسل بندش کے باعث پیٹرول پمپ مالکان بھی مشکلات کا شکار ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button