فرانس میں شدید گرمی:سکولوں میں ایئر کنڈیشنر لگانے کی تیاریاں ، فنڈز مختص

پیرس (ویب ڈیسک) فرانس کی سرکاری بجلی کمپنی ای ڈی ایف (EDF) نے ملک میں شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر اسکولوں، کنڈرگارٹن اور ڈے کیئر سینٹرز میں کولنگ سسٹمز کی تنصیب کے لیے 8 کروڑ یورو (تقریباً 9 کروڑ 10 لاکھ ڈالر) مختص کرنے کا اعلان کر دیا۔
کمپنی کے مطابق 30 ستمبر تک تعلیمی اداروں کو ہر پنکھے یا ایئر کنڈیشنر کی خریداری پر 400 یورو کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ ہر ادارہ زیادہ سے زیادہ 10 کولنگ ڈیوائسز خریدنے کا اہل ہوگا۔
ای ڈی ایف کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے تحت تقریباً ایک لاکھ پنکھوں اور ایئر کنڈیشنرز کی خریداری کے لیے 4 کروڑ یورو فراہم کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ بچوں کی نگہداشت کرنے والے 4 ہزار دیگر اداروں کو کولنگ منصوبوں کے لیے 10 ہزار یورو فی ادارہ ایک مرتبہ کی خصوصی گرانٹ دی جائے گی، جس پر مزید 4 کروڑ یورو خرچ کیے جائیں گے۔
فرانس میں بیشتر سرکاری اسکولوں میں ایئر کنڈیشننگ کی سہولت موجود نہیں، جس کے باعث حالیہ شدید گرمی کے دوران ہزاروں تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند کرنا پڑے تھے۔
حکومت اور متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے طلبہ، اساتذہ اور عملے کو شدید گرمی کے اثرات سے بہتر تحفظ فراہم کیا جا سکے گا اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے سے بچیں گی۔



