پاکستان میں تیار کردہ فٹبال خلا تک پہنچ گیا

واشنگٹن (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈکپ 2026 کی آفیشل فٹبال زمین کے میدانوں سے نکل کر خلا تک جا پہنچی، جہاں امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے خلابازوں نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر ایک منفرد سائنسی تجربہ کیا۔
یہ تجربہ آئی ایس ایس کے کپولا (Cupola) ماڈیول میں کیا گیا، جہاں مائیکرو گریویٹی کے ماحول میں فٹبال کو ہوا میں تیرتے ہوئے دیکھا گیا۔
تفصیلات کے مطابق خلابازوں نے ایڈیڈاس کی ڈیزائن کردہ “ٹریونڈا (Trionda)” فٹبال استعمال کی تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ صفر کششِ ثقل میں کھیل کا سامان کس طرح حرکت کرتا ہے اور بیلنس کس طرح اثر انداز ہوتا ہے۔
ناسا کے مطابق اس تجربے کا مقصد یہ سمجھنا تھا کہ وزن اور توازن کی غیر موجودگی میں فٹبال کی حرکت اور رفتار پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ادارے نے بتایا کہ اس سے قبل بھی 2019 میں اسی نوعیت کے تجربات کیے جا چکے ہیں۔
فیفا کے مطابق “ٹریونڈا” نام ہسپانوی زبان کے لفظ سے لیا گیا ہے جس کا مطلب “تین لہریں” ہے، جو 2026 کے ورلڈ کپ کی نمائندگی کرتا ہے جو امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔
یہ منفرد تجربہ کھیل اور سائنس کے امتزاج کی ایک نئی مثال قرار دیا جا رہا ہے، جس نے شائقینِ فٹبال اور سائنس دانوں دونوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔



