چیونٹیوں سے سجی ڈشز پر ریسٹورنٹ مالک کیخلاف مقدمہ درج

جنوبی کوریا(جانوڈاٹ پی کے)کیا آپ چیونٹیوں سے سجا میٹھا کھانا پسند کریں گے؟ کم از کم جنوبی کوریا میں تو ایک ریسٹورنٹ کے خیال میں یہ بہت اچھا خیال تھا۔
جی ہاں واقعی جنوبی کوریا کے ایک مشہور ریسٹورنٹ کے مالک کو اس کی وجہ سے جیل کی سزا کا سامنا ہو سکتا ہے۔
اس ریسٹورنٹ کے پکوانوں کی اوپری سجاوٹ کے لیے چیونٹیوں کو استعمال کیا گیا تھا۔
مگر جنوبی کوریا کے قوانین میں چیونٹیوں کو انسانوں کی غذا کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں اور اب اس وجہ سے ریسٹورنٹ کے خلاف مقدمہ چل رہا ہے۔
مقدمے کے دوران استغاثہ کی جانب سے عدالت سے درخواست کی گئی کہ ریسٹورنٹ کے مالک کو ایک سال قید اور 13 ہزار 510 ڈالرز جرمانے کی سزا سنائی جائے۔
مقدمے میں ریسٹورنٹ اور اس کے مالک کے خلاف غذائی صفائی سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
وزارت خوراک و ڈرگ سیفٹی کی جانب سے اس معاملے کی تحقیقات پکوانوں میں چیونٹیوں کے استعمال کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد شروع کی گئی۔
عدالت کے سامنے ریسٹورنٹ کے مالک نے چیونٹیوں کے استعمال کا اعتراف کیا۔
اس نے بتایا کہ چیونٹیوں کو محدود پیمانے پر ڈشز کی اوپری سطح کی سجاوٹ کے لیے استعمال کیا گیا تھا اور صارفین کو اس سے آگاہ بھی کیا گیا تھا۔
تفتیش کاروں کے مطابق گزشتہ 4 برسوں کے دوران امریکا اور تھائی لینڈ سے درآمد کی گئی تقریباً 49 ہزار چیونٹیاں مختلف پکوانوں میں استعمال کی گئیں۔
عدالت اس مقدمے کا فیصلہ 2 ستمبر کو سنانے والی ہے۔



