حکومت کی پیپلزپارٹی کو کابینہ میں شمولیت کی دعوت، بلاول کو اہم وزارت ملنے کا امکان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو وفاقی کابینہ میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دے دی ہے، جس کے بعد سیاسی منظرنامے میں اہم تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر پیپلز پارٹی حکومت میں شامل ہونے پر آمادہ ہوتی ہے تو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو اہم وزارت ملنے کا امکان ہے۔ تاہم وزارت کے حوالے سے حتمی فیصلہ دونوں جماعتوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق بجٹ کی منظوری کے بعد وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل متوقع ہے، جس کے تحت کئی نئے چہرے سامنے لائے جا سکتے ہیں جبکہ بعض وزراء کے قلمدان بھی تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے تمام وفاقی وزراء سے کارکردگی رپورٹس طلب کر لی ہیں، جن کی بنیاد پر آئندہ مرحلے میں وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر تبدیلیاں کی جائیں گی۔

کامرس، پاور، ہاؤسنگ، مواصلات، فنانس اور خارجہ امور جیسے اہم محکموں میں بھی ردوبدل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کے متعدد معاون خصوصی بھی ممکنہ تبدیلیوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق اگر پیپلز پارٹی کابینہ میں شامل ہوتی ہے تو یہ وفاقی حکومت کی پالیسی سازی اور سیاسی استحکام پر اہم اثر ڈال سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button