مادر ملت فاطمہ جناحؒ کی آج 59ویں برسی منائی جا رہی ہے

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) تحریکِ پاکستان میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ہمسفر اور دستِ بازو رہنے والی مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی 59ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

محترمہ فاطمہ جناحؒ 31 جولائی 1893 کو پیدا ہوئیں۔ پیشے کے اعتبار سے وہ ڈینٹل سرجن تھیں، تاہم انہوں نے اپنی زندگی پاکستان کے قیام، قومی خدمت اور عوامی فلاح کے لیے وقف کر دی۔

فاطمہ جناحؒ نے تحریکِ پاکستان کے دوران قائداعظم محمد علی جناحؒ کے شانہ بشانہ کام کیا اور برصغیر کی مسلم خواتین کو تحریکِ آزادی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے متحرک کیا۔ ان کی انہی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں قوم نے انہیں "مادرِ ملت” کا عظیم خطاب دیا۔

قیامِ پاکستان کے بعد بھی محترمہ فاطمہ جناحؒ نے قومی تعمیر، خواتین کی فلاح و بہبود اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ عوامی حقوق، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی مضبوط آواز کے طور پر سامنے آئیں۔

محترمہ فاطمہ جناحؒ 9 جولائی 1967 کو 73 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئیں۔ ان کا مزار قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مزار کے احاطے میں واقع ہے، جہاں قوم آج بھی ان کی بے مثال خدمات کو یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button