پمز ہسپتال میں جعلی ڈاکٹر پکڑا گیا، سٹیتھوسکوپ اور میڈیکل آفیسر کی جعلی مہر برآمد

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال کی ایمرجنسی میں ڈاکٹر کا روپ دھار کر ڈیوٹی کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا، جس کے قبضے سے سٹیتھوسکوپ اور میڈیکل آفیسر کی جعلی مہر بھی برآمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مظہر منظور نامی شخص پمز ہسپتال کی ایمرجنسی میں میڈیکل پروفیشنل ڈاکٹرز جیسا لباس پہن کر اور گلے میں سٹیتھوسکوپ ڈال کر موجود تھا۔ اصل طبی عملے نے مشتبہ شخص سے پوچھ گچھ کی تو اس کی حقیقت سامنے آگئی۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مظہر منظور کا پمز ہسپتال سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ تلاشی لینے پر اس کے قبضے سے سٹیتھوسکوپ اور میڈیکل آفیسر کی جعلی سٹیمپ برآمد ہوئی۔
پمز ہسپتال انتظامیہ نے ملزم کو حراست میں لے کر تھانہ کراچی کمپنی پولیس کے حوالے کردیا، جہاں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ پولیس نے ملزم کو عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا۔
تفتیشی حکام اس بات کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں کہ ملزم جعلی ڈاکٹر بن کر پمز ہسپتال کی ایمرجنسی میں کیوں موجود تھا، کب سے ہسپتال آجا رہا تھا اور آیا اس نے کسی مریض یا طبی عملے سے رابطہ کیا یا نہیں۔
ذرائع کے مطابق شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزم کا مقصد ہسپتال کی سکیورٹی اور انتظامی نظام کو جانچنا یا اسے بدنام کرنا ہوسکتا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی حقائق پولیس کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آسکیں گے۔



