میرپورخاص:ویمن لیڈرشپ فورم کا مرحومہ فہمیدہ لغاری کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت

میرپورخاص (شاھد میمن)ویمن لیڈرشپ فورم کی صدر محترمہ رضیہ بیگم، ممبران مس والیٹ، مس افشاں بھٹی، عزیزہ بانو اور دیگر ارکان نے مرحومہ فہمیدہ لغاری کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔اس موقع پر وفد نے سوگوار خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت، درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔لواحقین نے اس موقع پر بتایا کہ یہ معاملہ اس وقت قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدالت کے زیرِ سماعت ہے، اور وہ مرحومہ کے لیے انصاف کے منتظر ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔اس کے علاوہ لواحقین اور شرکاء نے میرپورخاص میں بڑھتے ہوئے قتل، خودکشی اور بدامنی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ خاص طور پر کوٹ غلام محمد کی طالبہ نیلم کولاچی کا گم ہونا، سیٹلائٹ ٹاؤن کی امبرین کی پراسرار موت اور تعلقہ سندھڑی کی وہ عورت چس کو کلہاڑی سے زخمی کرنے جیسے واقعات کو انتہائی افسوسناک اور قابلِ توجہ قرار دیا گیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے واقعات پر خاموشی اختیار کرنا کسی صورت مناسب نہیں، بلکہ فوری، شفاف اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ فورم کی رہنمائوں نے آئی جی سندھ پولیس، ڈی آئی جی میرپورخاص اور ایس ایس پی میرپورخاص سے مطالبہ کیا کہ خواتین اور بچیوں کے ساتھ بڑھتی ہوئی زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے اور مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔



