تعلیم کی کوئی عمر نہیں، ماں اور بیٹے نے ایک ساتھ انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کرلی

مدراس(جانوڈاٹ پی کے)بھارت کی ایک معروف یونیورسٹی سے ماں اور بیٹے نے ایک ساتھ انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کرلی۔

بھارت کے انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) مدراس کی حالیہ تقریبِ اسناد میں ایک منفرد منظر دیکھنے میں آیا، جہاں 45 سالہ جیگیشا ٹیلر اور ان کے 21 سالہ بیٹے آدتیہ کپاڈیا نے ایک ہی پروگرام کی ڈگریاں ایک ساتھ وصول کیں۔

دونوں نے آئی آئی ٹی مدراس سے آن لائن ڈیٹا سائنس اینڈ ایپلی کیشنز پروگرام مکمل کیا تھا۔ اگرچہ ماں اور بیٹے نے الگ الگ وقت پر پروگرام میں داخلہ لیا تھا، لیکن اتفاق سے ان کی ڈگریاں ایک ہی تقریب میں عطا کی گئیں۔

جیگیشا ٹیلر گجرات کے شہر بھروچ کے ایک انجینئرنگ کالج میں 16 سال تک الیکٹرانکس کی تدریس سے وابستہ رہیں، تاہم 2019 میں خاندانی ذمہ داریوں کے باعث ملازمت چھوڑ دی۔ بعد ازاں اپنے بیٹے کے اصرار پر انہوں نے 2022 میں آئی آئی ٹی مدراس کے آن لائن پروگرام میں داخلہ لیا۔

انہوں نے گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ صبح سویرے اور دوپہر کے اوقات میں باقاعدگی سے پڑھائی جاری رکھی، جبکہ ان کے شوہر اور خاندان نے بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔

آدتیہ کپاڈیا نے 2021 میں اس پروگرام میں داخلہ لیا اور 2024 میں بی ایس کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد ڈیٹا سائنس کے شعبے میں ملازمت حاصل کر لی۔

تقریبِ اسناد کے دوران ایک ہم جماعت کی کوشش سے ماں اور بیٹے کو اسٹیج پر ایک ساتھ ڈگریاں وصول کرنے کا موقع ملا، جس نے اس یادگار لمحے کو مزید خاص بنا دیا۔

ماں بیٹے کا کہنا ہے کہ ایک ساتھ تعلیم حاصل کرنے کے تجربے نے نہ صرف ان کی تعلیمی صلاحیتوں میں اضافہ کیا بلکہ ان کے باہمی تعلق کو بھی مزید مضبوط بنایا۔

مزید خبریں

Back to top button