عالمی شہرت یافتہ مصری قرّاء پاکستان پہنچ گئے، فیصل مسجد میں 5 ستمبر کو محفلِ حسنِ قرأت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) عالمی شہرت یافتہ مصری قرّاء کرام پاکستان پہنچ گئے، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے وزارت آمد پر مصری قرّاء کا پرتپاک استقبال کیا۔
پاکستان پہنچنے والے قرّاء میں قاری ایوب عاصف، قاری طہٰ نعمانی، قاری ابراہیم عاصف، قاری ماہر الشناوی اور قاری اسماعیل عاصف شامل ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستانی قوم قرآنِ کریم، قرّاء کرام اور خدامِ قرآن سے گہری محبت و عقیدت رکھتی ہے، مصری قرّاء کی پاکستان آمد اہلِ پاکستان کے لیے باعثِ مسرت اور اعزاز ہے۔
وفاقی وزیر اور دیگر شرکاء نے مصری قرّاء کرام سے ان کی دلنشیں آوازوں میں تلاوتِ قرآنِ کریم سننے کا شرف بھی حاصل کیا۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ اہلِ پاکستان عالمی شہرت یافتہ مصری قرّاء کی روح پرور تلاوت سے مستفید ہوں گے اور ان کی آمد سے عوام کو قرآنِ کریم کی خوبصورت تلاوت سننے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے بتایا کہ مصری قرّاء کرام 5 ستمبر کو بعد نمازِ عصر فیصل مسجد اسلام آباد میں عظیم الشان محفلِ حسنِ قرأت میں شرکت کریں گے، جس میں عامۃ الناس بھی شرکت کرسکیں گے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ یہ بابرکت اجتماع قرآنِ کریم کے پیغام، محبت اور اسلامی اخوت کے فروغ کا ذریعہ بنے گا۔



