عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں جلد ہی بڑی اور نمایاں کمی آئے گی،ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں جلد ہی بڑی اور نمایاں کمی آئے گی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی اور جہاز رانی سے متعلق بحران کو جلد حل کر لیا جائے گا جس کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آنے کا امکان ہے۔
اں خیالات کا اظہار انھوں نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر ٹرمپ کے بقول صورتحال کو معمول پر لانے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا اس مسئلے کے حل کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی نہ کسی طریقے سے یہ معاملہ حل ہو جائے گا اور جب صورتحال مکمل طور پر درست ہو جائے گی تو آپ دیکھیں گے کہ تیل کی قیمتیں کم ہو کر شاید اس سطح سے بھی نیچے آ جائیں گی جہاں وہ پہلے تھیں۔
خیال رہے کہ امریکا میں ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے صدر ٹرمپ اور ان کی ریپبلکن پارٹی پر سیاسی دباؤ میں اضافہ کر دیا ہے اور آئندہ وسط مدتی انتخابات سے قبل پیٹرول اور ڈیزل کی بلند قیمتیں عوامی اور سیاسی حلقوں میں ایک اہم مسئلہ بن چکی ہیں۔
علاوہ ازیں جب صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ اب تک کتنے آئل ٹینکرز کو بحفاظت آبنائے ہرمز سے گزارنے میں کامیاب ہوئی ہے تو انھوں نے جواب دیا کہ بہت زیادہ لیکن میں اس کی درست تعداد ابھی نہیں بتانا چاہتا۔



