ٹریفک چالان ادا نہ کرنے والوں کیلئے نئی سختی کی تجویز، شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی رک سکتے ہیں

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ٹریفک چالانز ادا نہ کرنے والوں کے لیے مشکلات مزید بڑھانے کی تجویز سامنے آگئی۔ سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی نے ون ایپ میں زیر التوا ڈیجیٹل چالانز کی مکمل تفصیلات شامل کرنے کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کو مراسلہ ارسال کردیا۔

مراسلے میں تجویز دی گئی ہے کہ ای چالانز کی طرح وارڈنز کی جانب سے کیے جانے والے ڈیجیٹل چالانز ادا نہ کرنے والوں کو پولیس سروسز فراہم نہ کی جائیں، جبکہ شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کو بھی چالان کی ادائیگی سے مشروط کیا جائے۔

سی ٹی او لاہور نے ڈیجیٹل چالانز کو نادرا کے ساتھ لنک کرنے کی درخواست کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ون ایپ میں اس وقت صرف ای چالانز کی تعداد نظر آتی ہے، جبکہ ڈیجیٹل چالانز کا مکمل ریکارڈ موجود نہ ہونے کے باعث ریکوری میں مشکلات کا سامنا ہے۔

مراسلے کے مطابق پینڈنگ ڈیجیٹل چالانز کی مکمل تفصیل ون ایپ میں شامل کرنے سے ریکوری بہتر بنائی جاسکتی ہے۔

تجویز میں کہا گیا ہے کہ چالان کلیئر نہ کروانے والے شہریوں کو خدمت مرکز سے مختلف سروسز فراہم نہ کی جائیں۔ ان سروسز میں شناختی کارڈ، پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور کرایہ داری رجسٹریشن شامل ہیں۔

مراسلے میں مزید تجویز دی گئی ہے کہ وہیکل ویریفکیشن، ڈومیسائل اور برتھ سرٹیفکیٹ بھی ٹریفک چالان کلیئر ہونے کے بعد جاری کیے جائیں۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق اس انٹگریشن کا مقصد حکومتی ریونیو میں اضافہ اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد بہتر بنانا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button