شمالی وزیرستان میں بڑا آپریشن،سکیورٹی فورسز نے7خوارج کو جہنم واصل کردیا

شمالی وزیرستان (جانو ڈاٹ پی کے) شمالی وزیرستان کے علاقے عیدک میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 7 خوارج کو جہنم واصل کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خوارج کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور بھرپور عزم کے ساتھ خوارج کا تعاقب کیا، جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی گئی۔سکیورٹی فورسز کے مطابق عزمِ استحکام ویژن کے تحت خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عیدک میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 7 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے والے وطن کے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں۔محسن نقوی نے خوارج کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔



