بنگلہ دیش میں سیلاب نے تباہی مچادی،44افراد جاں بحق،لاکھوں پھنس گئے

ڈھاکہ(جانوڈاٹ  پی کے)بنگلہ دیش میں مون سون کی بارش کے آغاز کے ساتھ ہی سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ نے تباہی مچا دی ہے جہاں جنوب مشرقی علاقے میں44افراد جاں بحق اور10لاکھ سے زائد افراد پھنسے ہوئے ہیں۔بنگلہ دیش کی ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی وزارت نے بیان میں بتایا کہ چٹوگرام، کوکس بازار، باندربن، رانگاماتی، کھاگراچھڑی، مولوی بازار اورحبیب گنج سمیت7اضلاع سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں جہاں معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے اور ہزاروں خاندان پھنسے ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق کئی شہری گھروں میں سیلاب آنے کی وجہ سے کھانا پکانے کی حالت میں نہیں ہیں اور دیگر افراد گھروں اور کچن سے ملبہ ہٹانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔سیلاب سے بری طرح متاثرہ ضلع چٹوگرام کے شہری نورالاسلام نے بتایا کہ تاحال ہمارے گھروں کے اندر پانی ہے اور ہمارے پاس کھانا پکانے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے، خشک کھانا ختم ہوچکا ہے اور بچوں کے ساتھ اندھیروں میں راتیں گزر رہے ہیں کیونکہ علاقے میں بجلی منقطع ہوچکی ہے۔بنگلہ دیش کی فوج اور بحریہ کے اہلکار منقطع علاقوں میں موجود متاثرہ شہریوں تک کھانا، پینے کاپانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیائے کشتیوں کے ذریعے پہنچا رہے ہیں اور حکام کی جانب سے بھی ریلیف کے اقدامات میں تیزی لائی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button