دوسری بیوی کے قتل میں مطلوب اشتہاری شوہر 6 سال بعد گرفتار، جدید ٹیکنالوجی سے ٹریس کیا گیا

دیپالپور( وسیم احمد غوری/تحصیل روپرٹر/جانوڈاٹ پی کے) قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم نزیر کو پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا جو گزشتہ چھ سال سے روپوش تھا۔ پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ حویلی لکھا نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم نزیر نے اپنی دوسری بیوی شہناز بی بی کو چھریوں اور ٹوکہ کے وار کر کے کھیتوں میں قتل کر دیا تھا اور واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ مقتولہ کے پہلے شوہر سے ہونے والے بیٹے ساجد علی کی مدعیت میں اس کے سوتیلے باپ کے خلاف درج کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مقتولہ سے واقعہ سے چند ماہ قبل دوسری شادی کی تھی۔ ڈی پی او اوکاڑہ نے اشتہاری مجرم کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کارکردگی کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔



