ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیومحمدشجین وسطروکی سائلین کی سنوائی

اوکاڑہ(رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں سائلین کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شجین وسطرو کی سائلین کی سنوائی، انہوں نے سائلین کے ریونیو، زمین کے تنازعات، انتقالِ وراثت، درستگیِ ریکارڈ اور دیگر انتظامی معاملات سے متعلق مسائل کو انفرادی طور پر سنا اور موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اوکاڑہ عوامی ریلیف اور سائلین کی دادرسی فرض اولین ہے، انہوں نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دفاتر میں آنے والے شہریوں کو مکمل رہنمائی فراہم کی جائے اور ان کے جائز کاموں میں بلاوجہ تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ محمد شجین وسطرو نے پٹواری کلچر میں اصلاحات اور اراضی ریکارڈ سنٹرز پر خدمات کی فوری فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریونیو افسران اپنے فرائض دیانتداری سے انجام دیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی خوار کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف شکایات سننا نہیں بلکہ سائلین کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کی فراہمی ہونا چاہیے۔ ریونیو معاملات میں کسی بھی سطح پر غفلت، سستی یا بدعنوانی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ افسران کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ زمین کے ریکارڈ، انتقالات اور دیگر ریونیو امور میں سائلین کی مکمل رہنمائی کریں۔ سائلین کو بار بار دفاتر کے چکر کٹوانے والے اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔



