گوہر کے گھر اچانک ن لیگی وفد کی آمد، سیاسی حلقوں میں کھلبلی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)سیاسی منظرنامے میں اس وقت نئی ہلچل پیدا ہوگئی جب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کا اہم وفد تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی رہائش گاہ پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق ن لیگی وفد نے بیرسٹر گوہر علی خان کی والدہ کے انتقال پر ان سے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا، جبکہ مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
اس موقع پر اسحاق ڈار اور وفد کے دیگر ارکان نے بیرسٹر گوہر سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
تاہم سیاسی حلقوں میں ن لیگ کے اعلیٰ سطحی وفد کی پی ٹی آئی قیادت کی رہائش گاہ آمد کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔ بعض حلقوں میں اس ملاقات کو دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطوں کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث اسلام آباد کی سیاسی فضا میں قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہوگیا ہے۔
کیا تعزیت کی یہ ملاقات مستقبل میں سیاسی رابطوں کی نئی راہ کھولے گی؟ اس حوالے سے آنے والے دنوں میں صورتِ حال مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔



