ایف آئی اے کرپشن کیس: عدالت نے 5 ملزمان کو 10، 10 سال قیدِ بامشقت سنا دی، ایک کروڑ سے زائد رقم ضبط

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) اسپیشل کورٹ (سینٹرل) راولپنڈی نے ایف آئی اے کے کرپشن کیس میں بڑا فیصلہ سناتے ہوئے 5 ملزمان کو مختلف دفعات کے تحت قید کی سزائیں سنا دیں۔
عدالت کی جانب سے سزا پانے والے ملزمان میں ذیشان علی اکبر، نظر حسین، اشتیاق احمد، جہانگیر احمد اور ثاقب ظہیر شامل ہیں۔
اسپیشل جج (سینٹرل) عبدالرحمن محمد عارف نے انسدادِ بدعنوانی ایکٹ 1947 کی دفعہ 5(2) کے تحت تمام ملزمان کو 10، 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی۔
اس کے علاوہ دفعہ 161 تعزیراتِ پاکستان (PPC) کے تحت ہر ملزم کو 3 سال قیدِ بامشقت،دفعہ 162 PPC کے تحت بھی 3 سال قیدِ بامشقت،جبکہ دفعہ 163 PPC کے تحت ایک سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی گئی۔
عدالت نے حکم دیا کہ تمام سزائیں بیک وقت (Concurrent) چلیں گی، جبکہ ملزمان کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 382-B کا فائدہ بھی دیا گیا۔
فیصلے میں عدالت نے ملزمان سے برآمد ہونے والی ایک کروڑ 4 لاکھ 75 ہزار روپے کی رقم سرکاری خزانے میں ضبط کرنے کا حکم بھی دیا۔
عدالت نے تمام مجرموں کو فوری طور پر سینٹرل جیل راولپنڈی منتقل کرنے کے وارنٹ جاری کر دیے۔
واضح رہے کہ یہ مقدمہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد میں درج کیا گیا تھا، جس کی سماعت کے بعد عدالت نے یہ فیصلہ سنایا۔



