ایران سے جنگ نے مشرقِ وسطیٰ کو تشدد کی طرف دھکیل دیا، اقوامِ متحدہ میں چین کی امریکا پر شدید تنقید


نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اقوامِ متحدہ میں چین کے مستقل مندوب سن لی نے امریکا پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی نے مشرقِ وسطیٰ کو مزید تشدد اور عدم استحکام کی طرف دھکیل دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی مندوب نے کہا کہ امریکا کے رویے کے باعث غزہ کا بحران بدستور جاری ہے اور واشنگٹن خطے میں کشیدگی کم کرنے کی عالمی کوششوں میں رکاوٹ بن رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کو اعتماد میں لیے بغیر اور ایران کے ساتھ مذاکرات کے دوران امریکا نے فوجی کارروائی شروع کی، جس کے نتیجے میں خطے کی سکیورٹی صورتحال انتہائی خطرناک ہو گئی ہے۔
چینی مندوب سن لی کا مزید کہنا تھا کہ یمن اور بحرِ احمر میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کی ذمہ داری بھی امریکا پر عائد ہوتی ہے، کیونکہ اس کی پالیسیوں نے خطے میں تنازعات کو مزید ہوا دی ہے۔
چین نے ایک بار پھر زور دیا کہ مشرقِ وسطیٰ کے بحرانوں کا حل مذاکرات، سفارت کاری اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مطابق پرامن اقدامات میں ہے، نہ کہ فوجی کارروائیوں میں۔