چلاس کے نالوں میں طغیانی،سیلابی ریلوں سے مکانات، فصلیں اور سڑکیں تباہ

چلاس(جانوڈاٹ پی کے) بچھے نالہ اور لنچر نالہ میں آنے والے شدید سیلابی ریلوں نے وسیع پیمانے پر تباہی مچا دی۔ سیلابی پانی متعدد مکانات میں داخل ہو گیا جبکہ گندم کی تیار فصلیں اور زرعی اراضی بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ذرائع کے مطابق سیلابی ریلے کے باعث گھروں کا سامان، بستر، برتن اور دیگر قیمتی اشیاء بہہ گئیں، جس سے متاثرہ خاندانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، بچھے نالہ کے مقام پر منیکال مین روڈ بھی کٹ گئی ہے جس کے باعث آمد رفت معطل ہو گئی۔
دوسری جانب داریل کے مختلف علاقوں میں بھی سیلابی صورتِ حال کے باعث رابطہ سڑکوں اور بنیادی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے، متاثرہ علاقوں میں خوف و ہراس کی فضا پائی جا رہی ہے جبکہ متعدد خاندان بے گھر اور مالی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
متاثرین نے حکومت گلگت بلتستان، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے فوری امدادی کارروائیوں، نقصانات کے ازالے اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب ابتدائی اطلاعات کے مطابق مالی نقصانات کا مکمل تخمینہ ابھی جاری نہیں کیا گیا۔



