امریکی مصنوعات کی قیمتیں موزوں ہوں تو خرید سکتے ہیں، گورنر ایرانی مرکزی بینک

تہران (ویب ڈیسک) ایران کے مرکزی بینک کے گورنر نے کہا ہے کہ ایران امریکہ سے زرعی سامان خریدنے کا پابند نہیں، تاہم اگر امریکی مصنوعات کی قیمت اور معیار دیگر ممالک کے مقابلے میں بہتر ہوئے تو واشنگٹن کے ساتھ تجارت میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔

ایرانی مرکزی بینک کے گورنر نے مزید کہا کہ ایران کی حالیہ زرعی خریداری میں امریکی اور یورپی یونین کی بڑی کمپنیاں معمول کے مطابق شامل رہی ہیں، اور تجارتی فیصلے معاشی اصولوں اور قومی مفاد کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے منجمد اثاثوں کی ممکنہ بحالی کے بعد یہ رقوم خصوصی طور پر امریکہ سے خوراک اور زرعی اجناس خریدنے کے لیے استعمال کی جائیں گی، جن میں مکئی، سویابین اور دیگر زرعی مصنوعات شامل ہوں گی۔

امریکی صدر کے مطابق اس اقدام سے امریکی کسانوں کو فائدہ پہنچے گا، اور انہیں متعدد مثبت ردعمل موصول ہوئے ہیں۔ ٹرمپ نے سوئٹزرلینڈ میں مذاکرات کے ابتدائی دور کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی رابطوں میں بہتری کا اشارہ ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی اور معاشی رابطے خطے میں تعلقات کی نئی سمت متعین کر سکتے ہیں، تاہم حتمی پیش رفت کا انحصار آئندہ مذاکراتی مراحل پر ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button