ایرانی حملوں کے دعوے بے بنیاد، کوئی میزائل یا ڈرون ہدف تک نہیں پہنچا، امریکی سینٹرل کمانڈ

فلوریڈا(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایران کے انقلابی گارڈز کے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ ایرانی فورسز نے بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے ہیڈ کوارٹرز اور خطے میں موجود ایک امریکی فضائی اڈے کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں سینٹ کام نے کہا کہ ایران کی جانب سے کیے گئے یہ دعوے حقیقت پر مبنی نہیں ہیں اور داغے گئے تمام ایرانی میزائل اور ڈرون اپنے اہداف تک پہنچنے میں ناکام رہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق امریکی افواج کے خلاف ہونے والے تمام حملے ناکام بنا دیے گئے اور کسی بھی امریکی فوجی تنصیب یا اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی فورسز مکمل طور پر الرٹ ہیں اور خطے میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں۔ سینٹ کام نے خبردار کیا کہ ایران کی کسی بھی بلاجواز جارحیت کا مؤثر اور فوری جواب دینے کے لیے امریکی افواج ہر وقت تیار ہیں۔
امریکی بیان کے بعد ایران اور امریکا کے متضاد دعووں نے خطے میں جاری کشیدگی اور معلوماتی جنگ کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔



