پاکستان کو کیش لیس معیشت بنانے کی جانب بڑی پیش رفت، ڈیجیٹل ادائیگیوں میں 300 فیصد اضافہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کیش لیس معیشت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ملک کو ڈیجیٹل ادائیگیوں پر مبنی معیشت میں تبدیل کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کی معیشت کو کیش لیس نظام کی جانب منتقل کرنے میں پیش رفت پر معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے سے پائیدار معاشی ترقی، شفافیت اور سہولت کو فروغ ملے گا۔

وزیراعظم نے QR کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیاں وصول کرنے والے فعال مرچنٹس کی تعداد میں ایک سال کے دوران 300 فیصد اضافے پر معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور ہدایت کی کہ مرچنٹس کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے آگاہی مہم مزید مؤثر بنائی جائے۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جون 2025 سے جون 2026 تک ڈیجیٹل ادائیگیاں وصول کرنے والے مرچنٹس کی تعداد بڑھ کر 20 لاکھ 3 ہزار ہو گئی، جو ایک سال میں 300 فیصد اضافہ ہے۔

بریفنگ کے مطابق موبائل بینکنگ ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد ایک سال میں 9 کروڑ 50 لاکھ سے بڑھ کر 13 کروڑ 70 لاکھ ہو گئی، جبکہ جولائی 2025 سے جون 2026 کے دوران 11.9 ارب ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔

وزیراعظم نے بینکوں اور مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ کیش لیس معیشت کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کریں، جبکہ بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر کو 100 فیصد ڈیجیٹل بنانے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے دوران ترسیلات زر کی 92 فیصد رقوم ڈیجیٹل ذرائع سے موصول ہوئیں۔

بریفنگ کے مطابق نادرا کی 99 فیصد ادائیگیاں ڈیجیٹل ہو چکی ہیں جبکہ نقد ادائیگیاں 71 فیصد سے کم ہو کر صرف 1 فیصد رہ گئی ہیں۔

وزیراعظم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے اقدام کو شفاف، تیز رفتار اور مستحقین کے لیے آسان قرار دیتے ہوئے سراہا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بی آئی ایس پی کے ایک کروڑ صارفین کو تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے کی جا رہی ہیں۔

حکام کے مطابق کیش لیس معیشت سے متعلق تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن جاری ہے اور حتمی رپورٹ سفارشات کے ساتھ نومبر 2026 میں پیش کی جائے گی۔

اجلاس میں پاکستان بینکنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے ڈیجیٹل ادائیگیوں، خصوصاً RAAST نظام کے فروغ کے لیے ممبر بینکوں کو دیے گئے اہداف سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین نادرا اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

مزید خبریں

Back to top button