پیپلز پارٹی کی قیادت کا پاکستان اور سندھ سے تعلق انتہائی مضبوط اور تاریخی ہے،بلند خان جونیجو

لاڑکانہ(رپورٹ:احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)ترجمان حکومت سندھ بلند خان جونیجو نے لاڑکانہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں نئی سیاسی سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں جہاں کچھ عناصر پریس کانفرنسز کے ذریعے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت پر تنقید کر رہے ہیں مگر پیپلز پارٹی کی قیادت کا پاکستان اور سندھ سے تعلق انتہائی مضبوط اور تاریخی ہے.

انہوں نے کہا کہ یہ رشتہ شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر شہید محترمہ بینظیر بھٹو، صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تک پھیلا ہوا ہے اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے جسے لوگ کبھی فراموش نہیں کر سکتے.

ترجمان نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا جس کے باعث آج کوئی بھی ملک پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا جبکہ انہوں نے ملک کو جمہوریت اور ووٹ کا حق بھی دیا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی سیاسی بصیرت سے خواتین کو با اختیار بنایا اور ان کے حقوق کے لیے جدوجہد کی.

انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر سندھ حکومت نے صحت کے شعبے میں این آئی سی وی ڈی، گمس اور ایس آئی این ایچ ایس جیسے ادارے قائم کیے ہیں جبکہ لاڑکانہ میں 600 بستروں پر مشتمل جدید اسپتال زیر تعمیر ہے.

خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے کراچی اور حیدرآباد کے بعد سکھر میں بھی پنک اسکوٹیز تقسیم کی گئیں جبکہ پیپلز بس سروس کا دائرہ کار کراچی، لاڑکانہ سے سکھر اور شکارپور تک بڑھایا جا رہا ہے.

انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود سندھ حکومت نے عوام کو ٹرانسپورٹ میں ریلیف فراہم کیا جبکہ گندم کے کاشتکاروں کے لیے 50 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی.

سیلاب 2022 کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پیپلز پارٹی کی قیادت عوام کے ساتھ کھڑی رہی جبکہ مخالفین نے استعفے دے کر ذمہ داری سے کنارہ کشی اختیار کی انہوں نے الزام لگایا کہ فنکشنل لیگ ماضی میں بھی عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں رہی اور کالاباغ ڈیم جیسے متنازع منصوبوں کی حمایت کرتی رہی.

بلند خان جونیجو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے 2 ارب ڈالر فنڈ حاصل کر کے دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ شروع کیا جس کے تحت اب تک 10 لاکھ گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں.

انہوں نے کہا کہ مخالفین کے پاس سندھ کے لیے کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں اسی لیے وہ الزامات کی سیاست کرتے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی ہمیشہ احتساب کا سامنا کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی ہر سازش کا بھرپور مقابلہ کرے گی.

مزید خبریں

Back to top button