آبنائے ہرمز کھلنے پر پھر بے یقینی، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے) آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق غیر یقینی صورتحال برقرار رہنے کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیائی تجارتی سرگرمیوں کے دوران عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں ایک فیصد سے زائد بڑھ گئیں۔ برینٹ خام تیل کی قیمت ایک فیصد سے زیادہ اضافے کے بعد 84 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی ایک فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق دنیا کی اہم ترین آبی گزرگاہوں میں شمار ہونے والی آبنائے ہرمز کے مستقبل کے حوالے سے اب بھی صورتحال واضح نہیں ہو سکی، جس کے باعث عالمی توانائی کی مارکیٹ میں تشویش برقرار ہے۔

ایران کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمان کے ساتھ نئے بحری راستوں کے تعین سے متعلق معاہدہ حتمی مراحل میں ہے، تاہم تہران کے مطابق امریکا کو ابھی دیگر شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز سے متعلق کسی بھی غیر یقینی صورتحال کا براہ راست اثر عالمی تیل کی سپلائی اور قیمتوں پر پڑ سکتا ہے، جس کے باعث سرمایہ کار عالمی توانائی مارکیٹ میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button