“اقبالؒ کا کلام بیداری کی صدا ہے”،بلاول بھٹو کا شاعر مشرق کی 88ویں برسی پر پیغام

لاہور( جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کو ان کی 88ویں برسی کے موقع پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا ہے کہ کلامِ اقبالؒ محض شاعری نہیں بلکہ اٹھ کھڑے ہونے کی صدا ہے، ایک ایسا ابدی پیغام جو نسلوں کو اپنی قوت پہچاننے اور اپنی تقدیر سنوارنے کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے محروم طبقات کے دلوں میں امید کی شمع روشن کی اور یہ سبق دیا کہ قومیں مایوسی سے نہیں بلکہ امید، اتحاد اور پختہ یقین سے بنتی ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کا وژن آج بھی قوم کو کڑے وقتوں میں رہنمائی فراہم کرتا ہے اور یاد دلاتا ہے کہ حقیقی ترقی انصاف، علم اور عوام کے بااختیار ہونے میں مضمر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مساوات اور روشن مستقبل کے لیے اپنی جدوجہد میں فکرِ اقبال سے رہنمائی حاصل کرتی رہے گی۔



