بھکر: ٹک ٹاک تنازع خونی تصادم میں تبدیل، فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق، 5 زخمی

بھکر(جانوڈاٹ پی کے) گڈولہ دریا خان روڈ پر تھانہ صدر بھکر کی حدود میں دو فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے، واقعہ مبینہ طور پر سوشل میڈیا اور ٹک ٹاک پر معمولی تنازع سے شروع ہو کر خونی تصادم میں تبدیل ہو گیا۔
ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق اعوان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں دونوں جانب سے ایک ایک نوجوان جاں بحق ہوا، جن کی شناخت شیراز اور زوہیب کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد دونوں گروپوں کے حامی بڑی تعداد میں اسپتال پہنچ گئے جہاں ایمرجنسی وارڈ کی گیلری میں دوبارہ جھگڑا شروع ہو گیا۔ اس دوران چھریوں کے وار اور فائرنگ کے نتیجے میں مزید افراد زخمی ہوئے، جبکہ زیر علاج ایک زخمی ایمرجنسی وارڈ میں ہی دم توڑ گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق ایک عام مریض بھی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہوا، جس کے بعد اسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ایمرجنسی وارڈ کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔ بعد ازاں صورتحال قابو میں آنے پر ایمرجنسی سروسز بحال کر دی گئیں۔
ڈی پی او بھکر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پولیس نے علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی ہے جبکہ ممکنہ کشیدگی کے پیش نظر نمازِ جنازہ کے موقع پر بھی پولیس نفری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا تنازعات کو تحمل اور قانون کے دائرے میں رہ کر حل کریں تاکہ اس نوعیت کے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔



