بیلجیئم نے طالبان وفد کو برسلز میں یورپی یونین اجلاس کیلئے ویزے جاری کر دئیے

بیلجیئم(جانوڈاٹ پی کے)بیلجیئم نے افغان طالبان کے ایک وفد کو برسلز میں یورپی یونین کے اجلاس میں شرکت کے لیے پانچ ویزے جاری کردیے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق افغانستان میں 5 سال قبل طالبان کے اقتدار میں واپسی کے بعد پہلی بار یورپی یونین اس گروپ کی میزبانی کرے گی۔
بیلجین وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا افغان حکام کو جاری کیے گئے ویزے ’محدود علاقائی حیثیت اور محدود مدت کے ویزے ہیں، یہ صرف بیلجیم کے لیے ہیں اور صرف ایک دن کے لیے‘۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر افغان حکام کے دورے کی درست تاریخ ظاہر نہیں کی جائے گی۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق متوقع طور پر اس اجلاس میں افغان مہاجرین کی واپسی کے طریقہ کار پر غور کیا جائے گا۔
یورپی یونین کے ایگزیکٹو ادارے یورپی کمیشن نے کہا ہے کہ یہ اجلاس تکنیکی نوعیت کا ہے اور اسے طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے مترادف نہیں سمجھا جانا چاہیے۔



