لاہور میں بسنت 2027 کی تاریخوں کا اعلان، 12 سے 14 مارچ تک جشنِ بہاراں ہوگا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) زندہ دلانِ لاہور کے لیے بڑی خبر سامنے آگئی، ضلعی انتظامیہ نے شہر میں تین روزہ بسنت اور جشنِ بہاراں 2027 کی تاریخوں کا باقاعدہ اعلان کردیا۔

ڈپٹی کمشنر لاہور علی اعجاز کے مطابق رنگا رنگ جشن 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو منعقد ہوگا، جس میں شہریوں کو ثقافتی سرگرمیوں اور جشنِ بہاراں کے مختلف رنگوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔

ڈی سی لاہور نے کہا کہ تین روزہ میلے کے دوران لاہور کی تاریخی، ثقافتی اور قدرتی خوبصورتی کو اجاگر کیا جائے گا، جبکہ بسنت کو مقامی سطح کے ساتھ ساتھ عالمی ثقافتی ایونٹ کے طور پر بھی پیش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بسنت 2027 کو محفوظ، یادگار اور منظم ایونٹ بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کررہی ہے۔ شہریوں کی حفاظت، امن و امان اور نظم و ضبط پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

گزشتہ سال بھی بسنت کا کامیاب انعقاد

ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق لاہور میں طویل عرصے بعد گزشتہ برس بسنت کا دوبارہ انعقاد کیا گیا تھا، جو انتظامیہ کے مطابق محفوظ اور کامیاب رہا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ خطرناک اور دھاتی ڈور کے خلاف سخت اقدامات اور جامع سکیورٹی حکمت عملی کے باعث میلہ کسی ناخوشگوار واقعے کے بغیر اختتام پذیر ہوا، جبکہ عوامی پذیرائی کو مدنظر رکھتے ہوئے 2027 میں بسنت کو مزید بہتر، محفوظ اور منظم انداز میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button