بی سی بی کے سابق صدر امین الاسلام نے آئی سی سی سے فنڈز روکنے کی خبروں کی تردید کردی

ڈھاکہ(جانوڈاٹ پی کے)بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے سابق صدر امین الاسلام نے آئی سی سی سے بی سی بی کے فنڈز روکنے سے متعلق بیان سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔
اپنے بیان میں امین الاسلام کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کو بی سی بی کے فنڈز روکنے کی درخواست نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ میری طرف سے آئی سی سی کو ایسی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔ مخصوص لوگ مجھے ڈسٹرب کرنے کےلیے کام کر رہے ہیں، وہ ہمیشہ ناکام ہوئے ہیں اور اس مرتبہ بھی ہوں گے۔
امین الاسلام نے کہا کہ بنگلادیش کو نقصان پہنچانے والی درخواست کبھی آئی سی سی کو نہیں کروں گا۔ آئی سی سی میری بات کیوں سنے گی، اب تو میری آئی سی سی میں پہنچ بھی نہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بنگلادیشی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ امین الاسلام نے آئی سی سی سے بنگلادیش کی فنڈنگ روکنے کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے خط لکھ کر آئی سی سی کو بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی فنڈنگ فریز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔



