بنگلادیش میں طوفانی بارشوں کے باعث44افراد ہلاک،متعدد لاپتہ

ڈھاکہ(جانوڈاٹ پی کے)بنگلا دیش میں کئی روز سے جاری شدید مون سون بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں مختلف حادثات میں کم از کم44افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید بارشوں کے باعث متعدد سڑکیں اور پل تباہ ہو گئے، ہزاروں گھر زیرِ آب آ گئے اور امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔حکام کے مطابق تقریباً 2 لاکھ 68 ہزار گھرانے سیلاب سے براہِ راست متاثر ہوئے ہیں۔ بنگلہ دیش کی فوج، بحریہ اور دیگر امدادی ادارے کشتیوں کے ذریعے خوراک، پینے کا پانی اور طبی امداد دور دراز علاقوں تک پہنچا رہے ہیں۔کاکس بازار میں واقع روہنگیا پناہ گزین کیمپوں میں بھی لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مسلسل بارش کے باعث مزید مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ برقرار ہے، جس کے پیشِ نظر حساس علاقوں سے لوگوں کی منتقلی جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلادیش میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ سے نقصانات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے، کہا پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں بنگلہ دیش کے ساتھ کھڑا ہے۔



