کوئٹہ میں ڈاکٹروں کی ہڑتال: تیزاب گردی واقعے پر سول اسپتال سمیت بلوچستان بھر میں سروسز معطل

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے)کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز نے تیزاب گردی کے واقعے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال کر دی ہے اور بلوچستان کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی کے علاوہ دیگر طبی سروسز کا بائیکاٹ کر دیا گیا ہے۔

ینگ ڈاکٹرز نے احتجاجی ریلی بھی نکالی اور سیکرٹری صحت بلوچستان، ایم ایس سول اسپتال اور سکیورٹی انچارج کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار افسران کو فوری طور پر معطل کیا جائے اور ڈاکٹرز کو مؤثر سکیورٹی فراہم کی جائے۔

حکومتی ترجمان کے مطابق معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان آج کوئٹہ پہنچ کر ڈاکٹروں سے ملاقات کریں گے اور ان کے جائز مطالبات پر غور کیا جائے گا۔

ادھر تیزاب گردی کا شکار ہونے والی ڈاکٹر ماہ نور کی حالت ابتدائی رپورٹ کے مطابق خطرے سے باہر اور مستحکم بتائی گئی ہے، وہ اس وقت کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کے دوران ڈاکٹر کی جان بچانے میں بہادری دکھانے والے عبدالرزاق ترکئی کے لیے سول ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button