رام جی کولہی آخری دم تک فکرِ پلیجو سے وابستہ رہے،ایڈووکیٹ وسند تھری

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)عوامی تحریک کے بہادر کارکن رام جی کولہی کی برسی کے جلسۂ عام سے عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ وسند تھری، مرکزی سیکریٹری لال جروار، مرکزی رہنما ڈاکٹر دلدار لغاری، سندھیا نی تحریک کی مرکزی رہنما زرکا ہالیپوٹو، پرہ ہالیپوٹو، دریا خان زئور، بلاول لاشاری، ایاز کلوئی، جاکھرو نوحانی، رام جی کی اہلیہ سویرا کولہی، ایاز کھوسو، ہمیرو مل، مہران درس، گلزار نوحانی، مختیار بکاری اور دیگر نے خطاب کیا اس موقع پر جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ وسند تھری نے کہا کہ رام جی کولہی آخری دم تک فکرِ پلیجو سے وابستہ رہے۔ انہوں نے سندھ کے قومی حقوق کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں بربریت اور جنگل کا قانون نافذ کر رکھا ہے اور انسانی حقوق معطل ہیں۔ سپریم کورٹ سے لے کر دیگر تمام عدالتیں سندھ میں بچیوں کے قتلِ عام پر خاموش ہیں انہوں نے کہا کہ خالدہ چانڈیو، شمائلہ چانڈیو سمیت تمام بچیوں کے قتل کی ذمہ دار جاگیردارانہ نظام اور پیپلز پارٹی ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ کی تاریخ کی بدترین حکومت ہے اور زرداری نے پورے سندھ کو بچیوں کے لیے مقتل گاہ بنا دیا ہے۔ سندھ میں کہیں بھی بچیاں محفوظ نہیں ہیں اور امن و انصاف کا حصول ایک خواب بن چکا ہے۔ سندھ کے عوام کو پیپلز پارٹی کی کرپٹ حکومت کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا جلسے میں سجاگ بچوں تحریک کی بچیوں نے قومی گیتوں پر ٹیبلو پیش کیے جبکہ قومی شاعر نور احمد بکاری نے اپنا کلام پیش کیا۔



