فیلڈ مارشل کا دورہ ایران مکمل، کشیدگی میں کمی، مسائل کے پرامن حل پر زور

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کامیاب تین روزہ دورہ ایران مکمل ہو گیا، خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات ہوئی، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، سپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقاتیں ہوئیں جن میں خطے میں پائیدار امن اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر بھی ملاقات کی اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں میں کشیدگی میں کمی اور مسائل کے پرامن حل پر زور دیا گیا، پاکستان کی جانب سے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، بدلتی ہوئی علاقائی سکیورٹی صورتحال، جاری سفارتی روابط اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر خصوصی توجہ دی گئی۔
فیلڈ مارشل نے مسائل کے حل کیلئے مکالمے، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی کوششوں کے ذریعے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا، ایرانی قیادت اور ایرانی عوام کی جانب سے مہمان نوازی کو سراہا، فیلڈ مارشل نے صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور پاکستانی عوام کی جانب سے ایرانی قیادت کے لیے نیک تمناؤں اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز کا یہ دورہ مشرق وسطیٰ کے تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔



