بھٹو کی وراثت کو آگے لے کر جائیں گے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ 73کے آئین کے تحت کام کیے، صدر آصف زرداری کا مورو میں خطاب

مورو، نوشہرو فیروز (جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے مورو میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھٹو کی وراثت کو آگے لے کر جائیں گے اور پاکستان پیپلز پارٹی آئینِ 1973 کے تحت اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر ملک کو مضبوط بنائیں گے اور اداروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے استحکام کو فروغ دیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھٹو خاندان کے شہداء نے ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں اور پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔
اپنے خطاب میں صدر آصف علی زرداری نے بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ مبینہ مظالم پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارتی حکومت کا رویہ منفی ہے۔ انہوں نے ماضی کے تنازعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنگی صورتحال میں بھارت کو سبق سکھایا گیا اور پاکستان نے اپنے دفاع میں مؤثر جواب دیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ حکومت عوام کو معاشی خودمختاری دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جبکہ زراعت کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق فروغ دیا جائے گا۔
اس سے قبل صدر مملکت نے مورو، نوشہرو فیروز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے منتخب نمائندوں اور معززین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزرا ضیاء الحسن لنجار، علی حسن زرداری، ڈاکٹر بہادر ڈاہری، چیف سردار خان محمد ڈاہری اور سہیل انور سیال سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔
صدر مملکت نے ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے اور عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔



