بے نظیر بھٹو حوصلے، قربانی اور جمہوریت کی روشن علامت تھیں، صدر آصف علی زرداری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید بے نظیر بھٹو کے 73ویں یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی حوصلے، قربانی، استقامت اور جمہوریت کیلئے جدوجہد کی روشن مثال ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی جمہوریت کیلئے خدمات پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے سیاسی بصیرت، جرات اور عوامی خدمت کے جذبے سے ملکی سیاست میں نئی راہیں متعین کیں اور خواتین کی قیادت کیلئے نئے دروازے کھولے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ بے نظیر بھٹو جمہوری استحکام اور آئینی بالادستی کی مضبوط حامی رہیں۔ انہوں نے ہر مشکل اور آزمائش میں جمہوری اصولوں پر ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور عوامی خدمت کو سیاست کا بنیادی مقصد بنایا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ شہید رہنما کی جدوجہد محروم اور پسماندہ طبقات کی ترقی کیلئے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے تشدد کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے مکالمے، رواداری اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بے نظیر بھٹو قید و بند اور جلاوطنی جیسے کٹھن حالات کے باوجود اپنے مؤقف پر ڈٹی رہیں، جبکہ ان کا وژن آج بھی پاکستان کے مستقبل کیلئے رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم بے نظیر بھٹو کو جمہوریت، خدمت اور امید کی علامت کے طور پر یاد رکھتی ہے، جبکہ ان کی یاد پاکستان کی اجتماعی قومی یادداشت کا مستقل حصہ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button