اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے کے لیے اہم پیش رفت، پاکستان کا امن میں تاریخی کردار، صدر زرداری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے کے لیے ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے بحران کے دوران ایک متوازن اور اصولی سفارتی کردار ادا کیا اور جنگ کے بجائے امن کے فروغ کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ تنازعات نے نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچایا، جبکہ امن ہی ترقی اور استحکام کا واحد راستہ ہے۔

صدر زرداری کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ملکی عسکری قیادت کی سفارتی کوششوں کو سراہا جانا چاہیے، جنہوں نے اس عمل میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’’اسلام آباد معاہدہ‘‘ پائیدار امن کی بنیاد بن سکتا ہے اور اب تمام فریقین کو اس پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ ان کے مطابق خطے کے ممالک کو اب ترقی، خوشحالی اور تعاون پر توجہ دینی چاہیے۔

صدر مملکت نے قطر، سعودی عرب، ترکی، مصر، چین اور روس کی سفارتی کوششوں کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ خطے میں امن کے لیے عالمی سطح پر تعاون قابلِ تعریف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اصل ہیرو وہ ہیں جو جنگیں ختم کرتے ہیں، نہ کہ وہ جو جنگیں شروع کرتے ہیں۔ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور معاشی ترقی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

مزید خبریں

Back to top button