بدین میں منشیات فروشوں کے گر گھیرا تنگ،پکڑ دھکڑ تیز

ماتلی(رپورٹ ایم آر گدی/جانو ڈاٹ پی کے) ضلع بدین میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری سخت کریک ڈاؤن نے ایک بار پھر یہ واضح کر دیا ہے کہ قانون شکن عناصر کے لیے گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ مختلف تھانوں کی حدود میں کی گئی مربوط کارروائیوں کے دوران پولیس نے 23 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ بھاری مقدار میں دیسی شراب، آئس، گٹکا، سفینہ ساشے اور دیگر ممنوعہ اشیا برآمد کر کے منشیات کے کاروبار سے وابستہ عناصر کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے ضلع بدین میں کوئی جگہ نہیں۔ ماتلی تھانے کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او انسپکٹر محمود احمد خان نے پولیس نفری کے ہمراہ کامیاب چھاپہ مار کر گٹکا فروش ملزمان قاسم ہالیپوٹو، عبدالرشید جھیجو اور ممتاز نہڑیو کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران 920 گٹکے، تین کٹے سپاری چورہ اور ایک مہران کار برآمد کی گئی، جبکہ ملزمان کو فوری طور پر حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ ضلع بھر میں ہونے والی دیگر کارروائیوں میں مجموعی طور پر 608 لیٹر دیسی شراب، 10 گرام آئس، 9260 سفینہ و گٹکا اور 8 وسکی پنٹس برآمد کیے گئے۔ بعض ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم پولیس کے مطابق ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ شہری حلقوں نے ان کارروائیوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس تسلسل سے نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانے میں مدد ملے گی، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یہ پیش رفت علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے اہم قدم ثابت ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button