گھوٹکی پولیس کی بڑی کامیابی، 2500 کلاشنکوف گولیاں برآمد، اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام، دو ملزمان گرفتار

ڈہرکی (رپورٹ: وجے کمار چاولا\جانوڈاٹ پی کے) گھوٹکی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسلحے کی بھاری کھیپ برآمد کر لی، جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتراں کی ہدایت پر تھانہ جروار پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ تین افراد 125 موٹر سائیکل پر کلاشنکوف کی گولیاں منتقل کر رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے لنک روڈ یارو لنڈ، علی آباد چوک کے قریب ناکہ بندی کر کے مشکوک موٹر سائیکل کو روک لیا۔

کارروائی کے دوران پولیس نے دو ملزمان، لیاقت ولد حاجی شاہل گڈانی، رہائشی گاؤں عالم خان گڈانی، تعلقہ میرپور ماتھیلو، اور گھرام ولد مہر ککڑو، رہائشی گاؤں محمد عالم ککڑو، تعلقہ خانپور، ضلع شکارپور کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2500 کلاشنکوف گولیاں اور ایک 125 موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی، جبکہ تیسرا ملزم زاہد ولد خیر دین لنڈ، رہائشی گاؤں ابوبکر لنڈ، تعلقہ میرپور ماتھیلو، موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کو اسلحہ سمیت تھانے منتقل کر دیا ہے، جبکہ مقدمہ نمبر 64/2026 دفعہ 23 سندھ آرمز ایکٹ کے تحت درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتراں نے کامیاب کارروائی پر جروار پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹیم کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button