امریکہ کی ترجیح اسرائیل، پائیدار سلامتی کیلئے عرب اتحاد ناگزیر، حسین شوکر

دوحہ(ویب ڈیسک) پالیسی محقق حسین شوکر نے اپنے تجزیاتی مضمون میں لکھا ہے کہ امریکہ ہمیشہ عرب دنیا کے مقابلے میں اسرائیل کو ترجیح دیتا رہے گا، اس لیے خطے میں پائیدار سلامتی کیلئے عرب اتحاد ہی واحد مؤثر راستہ ہے۔

الجزیرہ ٹی وی کے مطابق پالیسی محقق حسین شوکر نے اپنے تجزیاتی مضمون میں لکھا ہے کہ کئی دہائیوں سے عرب ممالک اپنے وسائل امریکہ کے ساتھ اتحاد کیلئے استعمال کر رہے ہیں لیکن اب یہ تاثر ابھر رہا ہے کہ امریکی اتحاد میں مزید عرب وسائل لگانا بے معنی ہے، عرب اتحاد ہی سلامتی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے لکھا کہ خلیجی ریاستیں دہائیوں سے یہ سمجھتی رہیں کہ ان کا سب سے اہم دفاعی شراکت دار امریکہ ہے، اسی بنیاد پر انہوں نے واشنگٹن کے ساتھ سلامتی، توانائی، مالیات اور سفارت کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات قائم کیے۔

حسین شوکر کے مطابق ایران کے خلاف اسرائیل سے مل کر جنگ شروع کرنے کے دوران امریکہ نے خلیجی شراکت داروں کو نظر انداز کیا اور ان کے خدشات کو اہمیت نہیں دی، ایران کے ساتھ مذاکرات میں بھی اسرائیل کے مفادات کو ترجیح دی جا رہی ہے جبکہ عرب اتحادیوں کے تحفظات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

مضمون نگار نے لکھا کہ خلیجی ممالک جتنا بھی تعاون کریں جب بھی ان کے مفادات اسرائیل سے ٹکرائیں گے واشنگٹن میں انہیں قربان کیا جا سکتا ہے، خلیجی ممالک نے امریکہ کو فوجی اڈے دیے، اربوں ڈالر کی تجارت کی، سرمایہ کاری سے امریکی معیشت کو سہارا دیا۔

اس کے برعکس امریکہ نے خطے میں استحکام کی بجائے عدم استحکام کو فروغ دیا اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے ایجنڈے کی حمایت کرتے ہوئے خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل دیا، اسی ایجنڈے کے تحت آبنائے ہرمز اور باب المندب جیسے راستے خطرے سے دوچار ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button