اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں قائم مقام سیکرٹری خارجہ سفیر نبیل منیر نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس دورے کے دوران صدر مملکت، وزیراعظم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں خطے سمیت عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی بریفنگ میں بھی شرکت کریں گے۔ حکام کے مطابق دورہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کو مزید اجاگر کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔
انتونیو گوتریس کا دورہ پاکستان 6 سے 8 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ وہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان پہنچے ہیں۔