خیبرپختونخوا میں بنیادی مسئلہ ابتر گورننس ہے، امیر مقام

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما انجینئر امیر مقام نے خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی طویل حکمرانی پر تنقید کرتے ہوئے صوبائی حکومت پر عوامی مسائل سے عدم توجہی کا الزام عائد کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کو مسلسل 13 سال سے اقتدار حاصل ہے، تاہم اس کے باوجود صوبے اور عوام کے حقیقی مسائل پر صوبائی قیادت اور وزیراعلیٰ کی توجہ دکھائی نہیں دیتی۔

وفاقی وزیر نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردی اور دیگر ناخوشگوار واقعات پیش آ رہے ہیں، جس کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام سے بڑے بڑے وعدے کیے تھے، تاہم موجودہ صورتحال میں اس کی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں خیبرپختونخوا کے عوام کو کیا ریلیف ملا؟

انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبائی حکومت کے پاس اپنی 13 سالہ کارکردگی کے طور پر پیش کرنے کے لیے کوئی قابلِ ذکر کامیابی نہیں، جبکہ خیبرپختونخوا کا بنیادی مسئلہ ابتر گورننس ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبائی قیادت عوامی مسائل کے حل کے بجائے سیاسی نعرے بازی اور سوشل میڈیا ویڈیوز تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو درپیش مسائل کے حل، امن و امان کی بہتری اور مؤثر حکمرانی کے لیے سیاسی بیانات کے بجائے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Back to top button