عامر خان کا ہتکِ عزت کیس، خاتون وکیل کے خلاف 1 لاکھ پاؤنڈ کا دعویٰ دائر


لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق عالمی باکسنگ چیمپئن عامر خان نے خاتون وکیل فریال حسین کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وکیل نے 2023 میں ایک پوڈ کاسٹ میں عامر خان اور ان کی اہلیہ پر مختلف الزامات عائد کیے تھے، جنہیں باکسر اور ان کی اہلیہ نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے جھوٹا اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا تھا۔
اب عامر خان اور ان کی اہلیہ کی جانب سے ہائیکورٹ میں ایک لاکھ پاؤنڈ ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب فریال حسین نے 21 صفحات پر مشتمل دفاعی دستاویزات عدالت میں جمع کرا دی ہیں، جن میں انہوں نے اپنے مؤقف میں مزید الزامات بھی شامل کیے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق دفاعی دستاویزات میں عامر خان پر اہلیہ کے ساتھ مل کر دھمکیاں دینے اور ایک خاتون کو مبینہ طور پر غیر مناسب پیغامات بھیجنے کے الزامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کیس اب عدالت میں زیر سماعت ہے اور فریقین نے ایک دوسرے کے الزامات کو سختی سے مسترد کیا ہے۔