پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا، علی پرویز ملک

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے ایک شفاف ہفتہ وار فارمولہ بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جس میں تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کی جائے گی۔
وفاقی وزیر کے مطابق اس نئے نظام کا مقصد قیمتوں میں تبدیلی کی وجوہات کو واضح اور قابلِ فہم بنانا ہے تاکہ عوام بہتر طور پر پالیسی کو سمجھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے باوجود ملک میں تیل کی سپلائی چین بلا تعطل جاری رہی اور توانائی کی سلامتی کو یقینی بنایا گیا۔
وزیر پیٹرولیم کے مطابق حکومت توانائی کے شعبے کے مجموعی فریم ورک کا ازسرِنو جائزہ لے رہی ہے اور اس حوالے سے متعدد اصلاحاتی اقدامات زیر غور ہیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ بحران کے دوران تعاون کرنے والے تمام شراکت داروں اور عوام کے تعاون کو سراہا گیا ہے، جبکہ توانائی کے شعبے میں پائیدار استحکام کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔



