روڈا اہلکاروں پر تشدد،علیم خان اور شعیب صدیقی مقدمے سے بری،شریک ملزم علی گلریز کیخلاف ٹرائل جاری،گواہ طلب

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) انسداد دہشت گردی عدالت میں عبدالعلیم خان، شعیب صدیقی اور دیگر کے خلاف روڈا اہلکاروں پر تشدد کے مقدمے میں شریک ملزم علی گلریز کے خلاف ٹرائل کی کارروائی ہوئی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے ڈیوٹی جج نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے پراسیکیوشن کے گواہان کو بیانات ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی۔
ملزم علی گلریز کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ مقدمے کے دیگر تمام ملزمان بری ہوچکے ہیں، جبکہ علی گلریز موقع پر موجود تھا تاہم لڑائی میں حصہ نہیں لیا۔ وکیل نے مؤقف اپنایا کہ جن افراد پر لڑائی کرنے کا الزام تھا وہ بھی بری ہوچکے ہیں۔
عدالت کی جانب سے ملزم علی گلریز کی بریت کی درخواست پہلے ہی خارج کی جاچکی ہے، جس کے بعد اس کے خلاف ٹرائل کی کارروائی جاری ہے۔
تھانہ چونگ پولیس نے 2022 میں عبدالعلیم خان سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ مقدمے میں ملزمان پر روڈا اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے علاوہ روڈا کی 55 کنال سرکاری اراضی کو پارک ویو میں شامل کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔
مقدمے میں عبدالعلیم خان، شعیب صدیقی، شفقت نیاز، محمد عاطف افتخار، پٹواری محمد اصغر اور محکمہ انہار کے سب انجینئر جاوید شہباز سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مقدمے میں نامزد عبدالعلیم خان، شعیب صدیقی سمیت دیگر ملزمان بری ہوچکے ہیں جبکہ شریک ملزم علی گلریز کے خلاف ٹرائل کی کارروائی جاری ہے۔



